مائیکروفکشن

عنوان : تھوک دو
مصنف : عماؔر نعیمی 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

"کہاں  ہو تم؟اور شکر ہے کہ تم نے فون اٹھا لیا۔  آج صبح سے تمہارا ایک بھی میسج نہیں آیا۔ مجھے کم از کم  آج کے دن تم سے یہ توقع نہیں تھی۔لاپرواہ تو تم پہلے ہی سے ہو لیکن میری امیدوں پر یوں پانی پھیر دو گے ، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا۔" محبوبہ نے فون پر تلخ لہجہ اپناتے ہوئے کہا۔

"کیوں میری جان ! ایسا کیا ہوگیا ؟ اور اتنے غصے میں کیوں ہو؟" عاشق نے محبوبہ کی تلخی کو بھانپتے ہوئے نرم لہجے میں جواب دیا۔
"واہ ! جناب کو پتا  ہی نہیں ہے کہ ہوا کیا ہے۔ آج ویلنٹائنز ڈے ہے۔ اور تم نے گفٹ دینا تو دور وش کرنا مناسب نہیں سمجھا۔
اور پھر محبوبہ غصے سے پھٹ پڑی۔
" نہیں نہیں میری جان ایسی بات نہیں ہے، در اصل۔۔ ۔۔ ۔۔ ۔۔ ۔"
"در اصل کیا؟ سیدھی طرح کہو کہ بھول گئے تھے۔"
محبوبہ نے بات کاٹتے ہوئے کہا۔
"نہیں سوہنے ایسی بات نہیں ہے میں بھلا کیسے اپنی جان کو بھول سکتا ہوں؟"
عاشق نے لہجے میں مٹھاس لا کر محبوبہ کو مطمئن کرنے کی کوشش کی۔
"ایسی ہی بات ہے مسٹر، میری سب سہیلیاں ڈیٹ پر گئی ہیں اور اک میں ہوں کہ گھر میں قید ہوئی ہوں۔ کہنے کو تم میرے بوائے فرینڈ ہو لیکن اب شاید مجھے اس رشتے پر نظر ثانی کر لینی چاہیے۔ "
لہجہ تلخ ہوا۔
" اوہو ! کیوں تم ایسی باتیں کرکے میرا دل جلاتی ہو۔ تم غصہ تھوک دو۔ میں تھوڑی دیر تک آتا ہوں تو پھر چلتے ہیں۔"  عاشق نے آگ پر پانی ڈالنے کی کوشش کی۔
تھوڑی دیر تک۔۔ ۔ واہ ! ابھی بھی تھوڑی دیر تک، کیا میں وجہ جان سکتی ہوں کہ تھوڑی دیر بعد ہی کیوں؟
محبوبہ نے بے صبری کا اظہار کرتے ہوئے استفسارکیا۔
در اصل میں ابھی یونی ورسٹی والوں کے ساتھ  "حیاء  ڈے "منانے نکلا ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

Islamiyat Guess Paper 2023 - 1st Year

Pak. Study Guess Paper (New Book) 2023